ریلوے کی پٹڑیوں پر نجی ریل گاڑیاں چلانے کا منصوبہ

July 08, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پارلیمنٹ کی ذیلی پبلک اکائونٹس کمیٹی کو سیکرٹری ریلوے نے آگاہ کیا ہے کہ ریلوے کی پٹڑیوں پر نجی ریل گاڑیاں چلانے کا پلان کر رہے ہیں‘ ریلوے نجی ریل گاڑیوں سے پٹڑی کا موٹروے کی طرح کرایہ لے گا۔ ریلوے کو مکمل کمپیوٹرائزڈ کرنے جارہے ہیں، تسلیم کرتا ہوں ریلوے نے بڑی تیزی سے اپنا رقبہ کھویا۔ منگل کو پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئر ریاض فتیانہ کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں وزارت ریلوے کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ کنوینئر کمیٹی ریاض فتیانہ نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی استعمال کریں اور شفافیت لائیں‘ کنوینئر کمیٹی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں ننکانہ صاحب‘ سرگودھا‘ فورٹ عباس کے شہروں کو جوڑنے کے لئے ٹریک پچھانے پر کام شروع ہوا‘ سال 1977سے لیکر آج تک وہ ریل پٹڑی نہیں بن سکی۔ کمیٹی اجلاس کے دوران سیکرٹری ریلوے نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ ریلوے نے بڑی تیزی سے اپنا رقبہ کھویا ہے‘ ریلوے کی زمین پر قبضے کی کئی وجوہات ہیں‘ سیکرٹری ریلوے نے کمیٹی کو بتایا کہ ریلوے کی پٹڑیوں پر نجی ریل گاڑیاں چلانے کا پلان کررہے ہیں۔ ریلوے نجی ریل گاڑیوں سے پٹڑی کا موٹروے کی طرح کرایہ لے گا۔