ٹینس اسٹار سارہ محبوب اور والد کورونا سے صحتیاب ‏

July 08, 2020

پاکستان کی ٹاپ ٹینس پلیئر سارہ محبوب خان اور اُن کے والد کوچ محبوب خان نے عالمی وبا کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔

اِس ضمن میں سارہ محبوب کے والد کوچ محبوب خان نے کہا کہ ہمارا گزشتہ ماہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا لیکن سارہ اور مجھے کورونا کی مکمل علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

کوچ محبوب خان نے کہا کہ سارہ اور میں نے دو ہفتے گھر میں ہی قرنطینہ مکمل کیا اور کورونا کو شکست دی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ سارہ نے ایکسرسائز اور ٹینس کا آغاز کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کوچ محبوب خان نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ اُن کا اور اُن کی بیٹی سارہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد اُن دونوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 489 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 4 ہزار 922 تک جا پہنچی ہے۔