آئل کمپنیوں کیخلاف کارروائی درست قرار دینے کا فیصلہ چیلنج

July 08, 2020

ملک میں پیٹرول کی قلت کے خلاف حکومتی اقدامات کے معاملے میں ایک آئل کمپنی نے حکومت کی آئل کمپنیوں کے خلاف کارروائی کو درست قرار دینے کا عدالتی فیصلہ چیلنج کر دیا۔

آئل کمپنی نے حکومت کو کارروائی سے روکنے کے لیے انٹرا کورٹ اپیل دائر کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کا فیصلہ چیلنج کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت کی آئل کمپنی کے خلاف کارروائی درست قرار دی تھی۔

آئل کمپنی نے سیکریٹری پیٹرولیم، اوگرا، فیول کرائسز کمیٹی اور ایف آئی اے کو اپیل میں فریق بنایا ہے۔

انٹرا کورٹ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ 25 جون کے سنگل بینچ کے فیصلے میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، سنگل بینچ کا فیصلے کالعدم قرار دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

پیٹرول مافیا وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں موجود ہے، ضیا عباس

آئل کمپنی نے استدعا کی ہے کہ ایف آئی اے کو کارروائی سے روک کر فیول کرائسز مینجمنٹ کمیٹی کو غیرقانونی قرار دیا جائے، فیول کرائسز کمیٹی کی تشکیل اور اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

پیٹرول کی قلت کے بعد ذخیرہ اندوزی کے خلاف ایف آئی اے نے کارروائی شروع کی تھی۔