کے الیکٹرک کیخلاف آج 100 مقامات پر مظاہرے ہونگے، حافظ نعیم

July 10, 2020

کے الیکٹرک کیخلاف آج 100 مقامات پر مظاہرے ہونگے، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، اوور بلنگ اور ٹیرف میں اضافے کے خلاف آج بروز جمعہ 10جولائی بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر اور شہر کے سوسے زائد مقامات پر مظاہرے کیے جائیں گے اوربروز ہفتہ 11جولائی شام 4بجے شاہراہ فیصل نرسری پر تاریخی دھرنا دیا جائے گا،حکومتوں میں شامل پارٹیاں کے الیکٹرک کی سرپرستی کررہی ہیں،ECCکاکے الیکٹرک کی بدترین کارکردگی کے باوجودمرضی کے ٹیرف منظور کرنا انتہائی افسوسناک ہے،ایم کیو ایم پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت ہے جس نے ایک بار مشرف کے ساتھ اور دوسری بار زرداری کے ساتھ مل کر کے الیکٹرک کو فروخت کیا،پیپلز پارٹی کے الیکٹرک کو ابراج گروپ کے حوالے کرنے میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ”پریس کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سکریٹری کراچی عبد الوہاب،نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، امیر ضلع جنوبی ورکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید اورسکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک کی حالیہ بدترین کارکردگی کی بنیاد پر ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ اس کا لائسنس منسوخ کیا جاتا لیکن کراچی کے شہریوں پر ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے شہریوں پر بجلی بم گرایا ہے اور قیمتوں میں 2روپے89پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے،کراچی کے شہر ی اس پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔