کنگنا رناوت اقرباء پروری کیخلاف پوجا بھٹ کے بیان پر پھٹ پڑیں

July 10, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت بھارتی فلمساز پوجا بھٹ کے اقربا پروری کے خلاف بیان دینے پر اُن پر برس پڑیں۔حال ہی میں بھارتی فلمساز مہیش بھٹ کی بیٹی فلمساز پوجا بھٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اقربا پروری کے خلاف اور اپنی فلمی پروڈکشن کے حق میں کچھ ٹوئٹ کیے، جس میں پوجا بھٹ کا کہنا تھا کہ اُن کے فلم پروڈکشن ہاؤس میں کسی قسم کی اقرباپروری نہیں پائی جاتی، انہوں نے ہمیشہ نئے اور باہر سے آنے والے اداکاروں کو خوش آمدید کہا ہے اور اپنی فلموں میں نئے چہروں کو کاسٹ کیا ہے ۔پوجا بھٹ نے مثال دیتے ہوئے اپنی فلم پروڈکشن ’وینیش فلمز‘ کے بینر تلے بننے والی فلم ’کوئین‘ اور اس میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ کنگنا رناوت کا ذکر کیا او کہا کہ یہ اس بات کی گواہی ہے کہ وہ اور اُن کا فلم پروڈکشن ہاؤس اقربا پروری کے خلاف ہیں ۔ وینیش فلمز نے ہی کنگنا کو فلم انڈسٹری میں فلم ’ گینگسٹر ‘ کے ذریعے متعارف کروایا تھا اور کنگنا بالکل نیا چہرہ ہونے کے سبب اُن پر انویسٹ کیا تھا، پوجا بھٹ کے ٹوئٹ میں کنگنا کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا ۔کنگنا رناوت کی ٹوئٹر ٹیم کو پوجا بھٹ کے یہ ٹوئٹس بالکل بھی نہیں بھائے اور کنگنا کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے پوجا بھٹ کو جواب دیئے گئے جس میں کنگنا کی ٹیم کا کہنا تھا کہ ’فلموں میں نئے چہروں کو بغیر معاوضہ دیئے اپنے فائدے کے لیے کام کروانا بہت سے فلم پروڈکشن ہاؤسز کا کام ہے ۔ کنگنا کی ٹیم کی جانب سے مزید ٹوئٹس میں کہا گیا کہ ’فلمساز مکیش بھٹ بھی نئے آنے ولے اداکاروں کو معاوضہ دینا پسند نہیں کرتے ہیں ۔