میرے والد نے بالی ووڈ سے بے پناہ پیار اور عزت کمائی، جاوید جعفری

July 10, 2020

گزشتہ روز انتقال کرجانے والے بالی ووڈ کے سینئر اداکار اشتیاق احمد جعفری المعروف جگدیپ کے بیٹے اور معروف بھارتی کامیڈین اداکار جاوید جعفری کا کہنا ہے کہ اُن کے والد نے بالی ووڈ کو جو 70 سال دیئے، اس میں انہوں نے بے پناہ پیار اور عزت کمائی۔

مزاحیہ اداکار جگدیپ کی آخری رسومات ادا کرنے کے بعد اُن کے بیٹے جاوید جعفری نے اپنے بھائی نوید جعفری کے ہمراہ بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’والد کے انتقال کے بعد سے ہی بہت سارے لوگ ہمیں پیغامات بھیج رہے ہیں لیکن ہم سب کو جواب نہیں دے سکے، اِسی لیے ہم آج یہاں آپ سب کی ہمارے والد کے لیے محبت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘

جاوید جعفری نے کہا کہ ’میرے والد نے بالی ووڈ کو اپنی زندگی کے 70 سال دیئے اور اس دوران اُنہیں لوگوں کا بہت پیار اور احترام ملا، آج اُن کے انتقال پر اُس محبت کی جھلک دیکھنے کو مل رہی ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے والد کے مداحوں سے دُعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’مہربانی کرکے آپ سب میرے والد کو لازمی اپنی دُعاؤں میں یاد رکھیں۔‘

واضح رہے کہ بھارتی اداکار جگدیپ جعفری نے چائلڈ اداکار کی حیثیت سے فلموں کی دُنیا میں قدم رکھا تھا، اُنہوں نے تقریباً 400 سے زائد فلموں میں اپنی مزاحیہ اداکاری کے جوہر دکھائے، وہ مشہور بالی ووڈ فلم ’شعلے‘میں سورما بھوپالی کے حیثیت سے جلوگر ہوئے تھے۔

ان کی یادگار فلموں میں شعلے، انداز اپنا اپنا، افسانہ، آر پار، وغیرہ شامل ہیں۔ وہ آخری بار 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم 'مستی نہیں سستی ‘میں دکھائی دیے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار جگدیپ متعدد امراض کا شکار تھے اور ممبئی کے علاقے بینڈرا میں اپنی رہائش گاہ میں ان کا انتقال ہوا۔