• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی فلموں میں اپنی مزاحیہ اداکاری سے پانچ دہائیوں سے زائد عرصے تک شائقین کو محظوظ کرنے والے اداکار جگدیپ جعفری کو پہلی فلم کے لیے صرف چھ روپے ملے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیجنڈری اداکار جگدیپ عرف سید اشتیاق احمد جعفری کی عمر جب سات یا آٹھ سال تھی تو اُن کے والد کا انتقال ہوگیا تھا، انہوں نے اپنے بچپن کے دنوں میں غربت کو انتہائی قریب سے دیکھا۔

جگدیپ کی والدہ یتیم خانے میں کھانا پکانے کا کام کرتی تھیں تاکہ وہ اپنے بیٹے کو پڑھا لکھا سکیں اور اس کی اچھی پرورش کرسکیں۔

جگدیپ جب تھوڑے بڑے ہوئے تو انہوں نے اپنی والدہ کا ہاتھ بٹانے کے لیے کام کرنے کا ارادہ کیا، اُن کی والدہ نے انہیں کام کرنے سے منع کیا لیکن وہ راضی نہیں ہوئے۔ جگدیپ نے اپنی تعلیم چھوڑ دی اور پتنگ بنانے لگے، اس کے علاوہ انہوں نے صابن اور کنگھی بیچنے کا کام بھی کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جگدیپ جس سڑک پر کھڑے ہو کر یہ چیزیں بیچتے تھے وہاں ایک شخص آیا جسے کچھ بچوں کی تلاش تھی جو فلم میں کام کرسکیں۔ اُس شخص نے جگدیپ سے فلموں میں کام کے بارے میں پوچھا کہ کیا تم کام کرو گے؟ جس پر جگدیپ نے اس شخص سے پوچھا کہ یہ فلمیں کیا ہوتی ہیں؟ جگدیپ نے اس وقت تک فلمیں نہیں دیکھی تھیں۔

بعدازاں جگدیپ نے اس شخص سے پیسوں کی بات کی کہ انہیں اس کام کے لیے کتنے پیسے ملیں گے؟ اس پر اُس شخص نے جواب دیا کہ ’’تین روپے۔‘‘

اُس وقت جگدیپ کو ایسا محسوس ہواکہ جیسے اُن کی لاٹری لگ گئی، اداکار نے فوراً ہی فلموں میں کام کرنے کی حامی بھر لی۔

اگلے دن جگدیپ کی والدہ انہیں اسٹوڈیو لے گئیں، جہاں بچوں کا ایک سین چل رہا تھا حالانکہ اُس وقت جگدیپ کو صرف خاموش بیٹھنے والا کردار ہی ملا تھا لیکن تب ہی اردو میں ایک ڈائیلاگ آیا جسے کوئی بچہ نہیں بول پارہا تھا۔ جگدیپ نے ایک بچے سے پوچھا کہ اگر میں نے یہ ڈائیلاگ بول دیا تو کیا ہوگا، جس پر بچے نے جواب دیا کہ پیسے زیادہ ملیں گے ’’چھ روپے۔‘‘

جس کے بعد جگدیپ نے وہ ڈائیلاگ نہایت خوبصورتی سے بول دیا اور وہیں سے اُن کے چائلڈ آرٹسٹ کا سفر شروع ہوگیا۔ یہ آئی بی آر چوپڑا کی فلم ’افسانہ‘ تھی جو کہ 1951 میں ریلیز ہوئی تھی۔

اس کے بعد جگدیپ نے کامیابی کی بلندیوں کو چھوا اور ایک سے بڑھ کر ایک فلموں میں اپنی عمدہ مزاح نگاری سے شائقین کے دل جیت لیے۔ 

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے سینئر اداکار اشتیاق احمد جعفری المعروف جگدیپ دو روز قبل 81 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

تازہ ترین