صدف زہرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی

July 10, 2020


راولپنڈی میں قتل ہونے والی سوشل میڈیا بلاگر علی سلمان کی اہلیہ صدف زہرہ کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ موصول ہوگئی ہے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 38 سالہ صدف زہرہ کی ہلاکت 29 جون کی دوپہر 2 بجے ان کی رہائش گاہ پر واقع ہوئی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ صدف زہرہ کے دائیں گال پر نشان، ہونٹ سوجے ہوئے اور چہرے پر نیلے نشان موجود ہیں جبکہ لاش کےخون، جگر، گردے اور معدے کے نمونے فارنزک لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔

موت کی وجہ سے متعلق حتمی رپورٹ فارنزک لیبارٹری کے نتائج کے بعد اخذ کی جائے گی، ابتدائی جائزہ میں صدف زہرہ کی موت کا سبب دم گھٹنا معلوم ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا بلاگر علی سلمان کا کہنا ہے کہ اُن کی اہلیہ صدف زہرہ نے خودکشی کی ہے جبکہ اس حوالے سے مقتولہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر مہوش زہرہ نے کہا ہے کہ علی سلمان اور صدف زہرہ کے درمیان گزشتہ ایک سال سے اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔

ڈاکٹر مہوش زہرہ کا کہنا تھا کہ ان کے بہنوئی نے ان کی بہن کا قتل کر کے اسے خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

پولیس حکام کے مطابق علی سلمان سے متعلق اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ علی سلمان اپنی اہلیہ پر تشدد کرتا تھا اور گالم گلوچ کا بھی عادی ہے جبکہ اہل محلہ کے ساتھ بھی نارواسلوک روا رکھتا ہے۔