• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاگر علی سلمان کی اہلیہ کا قتل، پولیس نے اہل علاقہ کے بیانات ریکارڈ کرلیے


سوشل میڈیا بلاگر علی سلمان کی اہلیہ صدف زہرا کے قتل کے معاملے میں پولیس نے اہلِ علاقہ کے بیانات ریکارڈ کر لیے۔

اس حوالے سے مقتولہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر مہوش زہرا نے کہا ہے کہ علی سلمان اور صدف زہرا کے درمیان گزشتہ ایک سال سے اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔

سوشل میڈیا بلاگر علی سلمان کی اہلیہ صدف زہرہ کی لاش راولپنڈی میں ان کے گھر میں پنکھے کے ساتھ لٹکی ہوئی پائی گئی تھی جو ایک  نجی ادارے میں ٹیچر تھیں۔

ان کی بہن کہتی ہیں کہ ان کا بہنوئی علی سلمان مختلف لڑکیوں کے ساتھ انٹرنیٹ اور موبائل پر مشغول رہتا۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسی وجہ سے گزشتہ ایک سال کے دوران میاں بیوی کے درمیان لڑائیاں جاری ہیں، جن میں بعد میں شدت آگئی اور نوبت مار پیٹ تک پہنچ گئی۔

ڈاکٹر مہوش زہرہ کا کہنا ہے کہ ان کے بہنوئی نے ان کی بہن کا قتل کر کے اسے خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

پولیس حکام کے مطابق علی سلمان سے متعلق اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیوی پر تشدد کرتا تھا اور گالم گلوچ کا بھی عادی ہے جبکہ اہل محلہ کے ساتھ بھی نارواسلوک روا رکھتا ہے۔

دو ماہ قبل اہلِ علاقہ نے پولیس کو گھر سے لڑائی جھگڑے کی آوازیں آنے پر بلایا تھا تاہم صدف زہرہ نے اسے گھریلو مسئلہ قرار دیتے ہوئے پولیس کو واپس بھجوا دیا تھا۔

لاش سے حاصل نمونے اور کمرے سے حاصل شواہد لاہور میں فارنزک لیبارٹری میں بھجوائے گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رپورٹ آنے پر مقدمے کی کارروائی آگے بڑھے گی۔

تازہ ترین