کراچی پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تھانوں کی سطح پر بجٹ منظور

July 11, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تھانوں کی سطح پر بجٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق کراچی میں تھانوں کی سطح پر وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے کیلئے نئی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔یہ بات بہت خوش آئند ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی پولیس کی جانب سے تجویز کردہ بجٹ کو منظور کیا اور کراچی پولیس کے ایس ایچ اوز، ایس او ٹریفک اور سب ڈویژن پولیس آفیسرز کو بجٹ دیا جا رہا ہے۔تھانوں کی سطح پر بجٹ کی فراہمی سے ایماندار پولیس افسران کو عوام کی بھرپور خدمت کا موقع ملے گا ۔ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کراچی نے آئی جی سندھ کی کاوشوں اور انکی پولیس فورس میں مثبت تبدیلی پر کئے جانے والے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔ماڈل تھانوں میں بجٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جس سے کرپشن کا خاتمہ کیا جا سکے گا اس ضمن میں بجٹ کی بلا تاخیر فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئیے جا رہے ہیں۔