وفاق المدارس العربیہ کے زیرِ اہتمام آج سے امتحانات کا آغاز

July 11, 2020



وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیرِ اہتمام آج سے ملک بھر میں امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں 3 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کررہے ہیں جبکہ کورونا وائرس سے متعلق خصوصی احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی گئی ہیں۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت ہونے والے امتحانات 16 جولائی تک جاری رہیں گے۔

موجودہ صورت حال کے پیش نظر امتحانی مراکز اور امتحانی عملے کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔

ملک بھر میں 2 ہزار 166 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں 14 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل نگراں عملہ خدمات سر انجام دے گا۔

امتحانات میں 3 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کررہے ہیں۔

مڈل سے عالمیہ یعنی ایم اے تک کے درجات کا ملک بھر میں ایک ہی وقت میں ایک پرچہ ہوگا۔

وفاق المدارس کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اور جنرل سیکریٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے موجودہ مشکل حالات میں امتحانات کے انعقاد کو وفاق المدارس کی انفرادیت قرار دیا۔

دونوں عہدیداران نے ان حالات میں امتحانات کے انعقاد کے لیے خدمات سرانجام دینے والوں کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔