گوجرانوالہ: اسپتال میں کورونا سے بچاؤ کے سامان میں خردبرد کا انکشاف

July 14, 2020

گوجرانوالہ کے ڈی ایچ کیو اسپتال کو کورونا سے بچاؤ کے لیے ملنے والے سامان میں خردبرد کا انکشاف ہوا ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال کو ملنے والا حفاظتی سامان ڈاکٹرز کو دینے کے بجائے مارکیٹ میں بیچا گیا، این نائنٹی فائیو ماسک اور پی پی آئی کٹس مارکیٹ میں فروخت ہوئیں۔

محکمہ اینٹی کرپشن نے ایم ایس ڈی ایچ کیواسپتال کےخلاف تحقیقات شروع کردیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے ڈی ایچ کیو اسپتال سے ریکارڈبھی قبضے میں لےلیا ہے، جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر محکمہ اینٹی کرپشن نے تحقیقات کی تصدیق کردی۔

ڈائریکٹراینٹی کرپشن زوہیب مشتاق نے کہا کہ تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں، اس حوالے سے کوئی بات نہیں کرسکتا۔