ٹیکس جمع کرنے میں محکمہ ایکسائز کا کلیدی کردار ہے، مکیش چاؤلہ

July 14, 2020

سندھ کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کا ایک اہم جزو ہے اور ٹیکسوں کی وصولی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو آئی آئی چندریگر روڈ کراچی میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بھی موثر اقدامات کیے جارہے ہیں، اور یہ بڑی اطمینان بخش بات ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مشکل وقت کے باوجود محکمہ سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے مالی سال 2019۔20 کے دوران 100 فیصد سے زیادہ ٹیکس کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول عبدالحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی، ایم ڈی سیپرا عبدالرحیم شیخ اور دیگر ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔

قبل ازیں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور کے صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی اور ملک و قوم اور سندھ کی ترقی کے لئے دعا مانگی۔

انہوں نے کہا کہ 2008 میں جب پاکستان پیپلز پارٹی کو حکومت ملی تھی اس وقت محکمہ ایکسائز کا ریونیو 7 ارب 29 کروڑ روپے تھا، اور اب یہ ریونیو 80 ارب روپے سے زائد ہے۔ مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ سندھ بورڈ آف ریونیو کے بعد سب سے زیادہ ٹیکس محکمہ ایکسائز سندھ جمع کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن ٹیکس جمع کروانے اور گاڑیوں کی تصدیق کے لیے اسمارٹ کارڈ جلد ہی متعارف کروایا جائے گا۔ انہوں نے عمارت کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں کام کرنے کے ماحول کو سراہا۔

مکیش کمار چاؤلہ نے کانفرنس ہال میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ سخت محنت کریں اور اپنے ٹیکس کے اہداف کو بروقت حاصل کریں، انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس کی وصولی کے علاوہ ان کا اولین فرض ہے کہ وہ منشیات فروشوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور اس پر قابو پائیں اور کوشش کریں کہ منشیات فروشوں کی سرگرمیوں کا ابتدائی مرحلے میں قلع قمع کردیں تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے زہر سے محفوظ رکھا جاسکے۔

انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کرتے وقت حکومت سندھ کی ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں اور اپنے آپ کو اور دوسروں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھیں کیونکہ انسانی زندگی سب سے قیمتی ہے۔

نئی عمارت آمد پر سکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول عبد الحلیم شیخ اور ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی نے مکیش کمار چاؤلہ کا خیرمقدم کیا اور انہیں محکمہ کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

مکیش کمار چاؤلہ نے افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اسی جذبے سے اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ ٹیکس ادا کرنے والوں کے لئے بہت جلد نئی عمارت میں فسیلیٹیشن سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔