وزارتِ داخلہ، سنتھیا کی ویزے کیلئے نئی درخواست جمع

July 15, 2020


اسلام آباد میں وزارتِ داخلہ کے دفتر میں امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف سماعت ہوئی، سنتھیا رچی نے اس موقع پر وزارتِ داخلہ میں ویزے کے لیے نئی درخواست جمع کرائی۔

وزارتِ داخلہ اسلام آباد میں سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر پیپلز پارٹی کی درخواست پر سماعت کر رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے درخواست گزار افتخار احمد وکیل تنویر احمد چوہدری کے ہمراہ سیکریٹری داخلہ کے سامنے پیش ہوئے، جبکہ امریکی شہری سنتھیا رچی بھی وزارتِ داخلہ میں پیش ہوئیں۔

اس موقع پر سنتھیا رچی نے وزارتِ داخلہ میں ویزے کے لیے نئی درخواست جمع کرا دی، انہوں نے ویزے کی توسیع کی درخواست دی ہے۔

سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے بزنس ویزے میں 5 سال کے لیے توسیع کی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

سنتھیا کیخلاف PPP کی درخواست، وزارتِ داخلہ کو فیصلہ کرنے کی ہدایت

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنتھیا ڈی رچی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میرے ساتھ انصاف ہوگا۔

واضح رہے کہ امریکی خاتون سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ 2011ء میں جب رحمٰن ملک وزیر داخلہ تھے تو انہوں نے سنتھیا کے ساتھ زیادتی کی تھی، جبکہ سابق وزيرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیرِ صحت مخدوم شہاب الدین نے بھی دست درازی کی تھی۔