مراد سعید، بلاول بھٹو سے مناظرے کیلئے تیار

July 15, 2020

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پرچی چیئرمین خوب رٹہ لگاؤ اور پرچی بھی بناؤ، ہم مناظرے کےلیے تیار ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کے بیان کے جواب میں وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پارلیمنٹ، میڈیا یا عوامی فورم، جس کا چاہیں انتخاب کریں وہ تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے فرزند سے ایوان میں بحث کی جائے تو وہ نو دو گیارہ ہوجاتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مناظرہ قبول وہ کرے گا، جس نے عزیر بلوچ اور گینگ وار والے نہ پالے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ سامنا کرنے کی جرات وہ کرے گا، جس کا صوبہ گورننس میں بہترین ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے:

مراد سعید نےکہا کہ فرزند زرداری کا ایک ایک لفظ ان کا تعاقب کرے گا، ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ قوم کی چوری کی گئی ایک ایک پائی لوٹانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔