ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری

July 18, 2020


ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

حکومت نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) کو ادویات کی قیمتوں میں 7 سے 10 فیصد اضافے کی اجازت دے دی۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، قیمتوں میں اضافے کی اجازت کنزیومر پرائس انڈیکس کے تحت دی گئی۔

جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈریپ نے اس ضمن میں باضابطہ ڈرگ پرائسنگ پالیسی میں ترمیم منظور کی، ڈریپ نے پالیسی میں ترمیم وفاق اور ڈریپ کے پالیسی بورڈ کی منظوری و سفارش پر کی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ادویہ ساز کمپنیاں اور امپورٹرز کو بنیادی ادویات کی قیمتوں میں7 فیصد اضافے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ دیگر ادویات کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافے کی اجازت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: پنجاب کے بعد سندھ میں بھی دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس بنیادی ادویات کی قیمتوں میں 5 اعشارہ 14 فیصد کی اجازت دی گئی تھی، جبکہ دیگر ادویات کی قیمتوں میں 7 اعشاریہ 34 فیصد اضافے کی اجازت دی گئی تھی۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ادویہ ساز کمپنیوں اور امپورٹرز کے لیے لازم ہوگا کہ کسی بھی دواء کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل پرائس میں اضافے کے تمام ثبوت، کمپنی کے سی ای او کے دستخطوں کے ساتھ ڈریپ میں جمع کرائیں۔