فرحان سعید خود کو خوش قسمت انسان کیوں سمجھتے ہیں؟

July 23, 2020

پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار فرحان سعید کی جانب سے لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فرحان سعید نے بشریٰ انصاری کی کچھ تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں خود کو انتہائی خوش قسمت انسان سمجھتا ہوں کہ میں نے بشریٰ آپا کے ساتھ ڈراما ’اُڈاری‘ میں کام کیا اور اُن کے ساتھ کیے گئے ہر ایک منظر میں مجھے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔‘


فرحان سعید نے بشریٰ انصاری کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’بشریٰ آپا کا ہنر مہارت سے ماورا ہے اور وہ اپنے ہر کردار سے سامعین کو متاثر کرتی ہیں، اِس میں کوئی شک نہیں کہ بشریٰ آپا پیشہ ور شخصیات میں سے ایک ہیں۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’تھیٹر، ٹیلی وژن، فلم اور موسیقی کی دُنیا میں بشریٰ انصاری کی خدمات بے مثال ہیں اور اُن کے چاہنے والوں نے فنی صنعت کے ہر شعبے میں اُن کے کام کی خوب تعریف کی ہے، بشریٰ آپا کے تجربہ کی دولت بےمثال ہے اور ان کا نظم و نسق قابل ذکر ہے۔‘

آخر میں فرحان سعید نے اداکارہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کے لیے بشریٰ انصاری کی خدمات بے تحاشہ ہیں اور اِس کے لیے ہم آپ کے شُکر گزار ہیں، ہم سب آپ سے بہت محبت کرتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ فرحان سعید نے سوشل میڈیا پر ’لِیونگ لیجنڈز‘ کے نام سے ایک مہم شروع کی ہے جس میں فرحان سعید ملک کے لیے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دینے والی عظیم شخصیات کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔