• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرحان سعید کا مولانا طارق جمیل کو خراج تحسین

پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور گلوکار فرحان سعید کی جانب سے معروف عالمِ دین مولانا طارق جمیل کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فرحان سعید نےعالمِ دین مولانا طارق جمیل کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے اپنے یونیورسٹی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب میں یونیورسٹی میں تھا تو اُن دنوں میرے دوست مولانا طارق جمیل کی شان و شوکت کے بارے میں کہا کرتے تھے کہ اِن کے بیانات میں بہت طاقت ہوتی ہے لیکن جب میں نے ذاتی طور پر مولانا صاحب کا خطبہ سُنا تو مجھے ان کے عبارت فصاحت کی شان معلوم ہوئی اور تبلیغ کے صحیح معنی کا احساس ہوا۔‘


فرحان سعید نے لکھا کہ ’جب میری مولانا صاحب سے بات چیت ہوئی تو مجھے اس بات کا احساس ہوا کہ اسلام کا جوہر سادگی سے جُڑا ہوا ہے۔‘

گلوکار نے مولانا طارق جمیل کو خراج تحسین پیش کرنے اور لِیونگ لیجنڈز کی فہرست میں شامل کرنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے لکھا کہ ’مولانا صاحب کبھی براہِ راست ٹیلیوژن پر ظاہر نہیں ہوئے اور اُنہوں نے ہمیشہ سب کا احترام کیا اور اپنے نیک اخلاق سے لوگوں کے دل جیتے اور پھر اپنے پیروکاروں کے کہنے پر اُنہوں نے ٹی وی پر اپنے بیانات دینا شروع کیے۔‘

اُنہوں نے مولانا طارق جمیل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان میں جاری آپ کی خدمات کے لیے ہم آپ کے شُکرگزار ہیں اور ہماری دُعا ہے کہ اللّہ پاک ہمیشہ آپ کو اپنے فضل وکرم سے نوازے آمین۔‘

واضح رہے کہ فرحان سعید نے سوشل میڈیا پر ’لِیونگ لیجنڈز‘ کے نام سے ایک مہم شروع کی ہے جس میں فرحان سعید ملک کے لیے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دینے والی عظیم شخصیات کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔

تازہ ترین