عمران نے دو سال میں شبلی فراز کو مرادسعید بنا دیا ،پلوشہ خان

July 27, 2020

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) پیپلزپارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا کہ وزیر اطلاعات شبلی فراز پر شاعر احمد فراز کی تربیت کا اثر تو نہیں ہوا مگر عمران خان نے انہیں دوسال کے اندر مراد سعید ضرور بنا دیا ہے۔ شبلی فراز کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پلوشہ خان نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے اقتدار کے دو سال ملک اور قوم پر بہت بھاری ثابت ہوئے ہیں۔ ایک نیازی نے مشرقی پاکستان کھویا اور دوسرے نیازی نے کشمیر۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں پر الزام تراشی کرنے والی فیکٹری نے عمران خان کو ایجاد کیا جو فیکٹری کی مزید بدنامی کا باعث بن چکا ہے۔ شوکت خانم ٹرسٹ سے یتیموں کی رقم چوری کرنیوالا آج منظم طریقے سے قوم کو لوٹ رہا ہے۔ بجلی کی بلوں کے ذریعے قوم کا خون نچوڑا جا رہا ہے، ادویات کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہیں، دالیں اور سزیاں بھی غریبوں کی قوت خرید سے باہر ہیں۔ آٹے اور چینی کا لٹیرا اسی جہاز سے فرار ہوا جس پر نیازی گھومتا تھا۔ یہ کہنا درست ہوگا کہ قوم مہنگی چینی اور مہنگا آٹا خرید کرکے جہانگیر ترین کے جہاز کا سود سمیت قرضہ اتار رہی ہے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ سلطنت نیازیہ میں لوگ بھوک کے مارے خودکشیاں کر رہے ہیں، بیروزگاری عروج پر ہے، قوم کے خون پسینے کی کمائی پر شہباز گلِ جیسے نتھو خیرے پل رہے ہیں۔