تانیہ ایدروس کے استعفے کی وجوہات سامنے آگئیں

July 30, 2020


معاون خصوصی تانیہ ایدروس کے استعفے کی وجوہات سامنے آگئیں، تانیہ ایدروس نے ڈیجیٹل پاکستان فاؤنڈیشن کے نام سے این جی او بنائی جس کی فنڈنگ میں بے قاعدگیوں کے الزامات سامنے آئے، وزیراعظم عمران خان نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا۔

ذرائع کے مطابق تانیہ ایدروس نے ڈیجیٹل پا کستان فاؤنڈیشن کے نام سے این جی او بنائی،جسے ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کروایا گیا۔ این جی او کے ڈائریکٹرز میں جہانگیر ترین اور تانیہ ایدروس شامل تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران تانیہ ایدروس الزامات سے بری الزمہ نہ ہو سکیں، پاکستان کو ڈیجیٹل بنانے کا منصوبہ تانیہ ایدروس کی این جی او کو ملا، تانیہ ایدروس کی دہری شہریت پر بھی کئی حلقوں کو تحفظات تھے۔

واضح رہے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تانیہ ایدروس کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کے خاطر عہدے سے استعفیٰ دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں خدمت کے جذبے سے آئی تھی، میری کنیڈین شہریت کے حوالے سے بہت باتیں کی گئیں، پاکستان کو جب میری ضرورت پڑے گی میں حاضر ہوں۔