• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے تانیہ ایدروس اور ڈاکٹر ظفر مرزا کے استعفے منظور کرلیے

وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی تانیہ ایدروس اور ڈاکٹر ظفر مرزا کے استعفے منظور کرلیے۔

تانیہ ایدروس اور ڈاکٹرظفرمرزا کےاستعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

 واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان پروگرام تانیہ ایدروس اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تانیہ ایدروس کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کے خاطر عہدے سے استعفیٰ دیا۔

تانیہ ایدروس نے کہا کہ میں پاکستان میں خدمت کے جذبے سے آئی تھی، میری کنیڈین شہریت کے حوالے سے بہت باتیں کی گئیں، پاکستان کو جب میری ضرورت پڑے گی میں حاضر ہوں۔

اپنے استعفے میں تانیہ ایدروس نے کہا کہ ان کی کینیڈا کی شہریت سے متعلق تنازع پیدا کیا گیا، ڈیجیٹل پاکستان کے وژن میں شہریت جیسے تنازعات رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بغیر کسی عہدے کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے لیے کام جاری رکھوں گی۔

وزیر اعظم عمران خان کو بھیجے گئے اپنے استعفے میں تانیہ ایدروس نے کہا کہ رواں سال کے آغاز سے آپ کی خدمت میرے لیے باعث عزت رہی ہے، مجھ پر آپ کے اعتماد کی بحالی کے لیے میں آپ کی شکر گزار ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ میں صرف ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے مقصد کے ساتھ واپس پاکستان آئی تھی، یہ ایک ایسا تصور ہے کہ جس کا ہمیشہ آپ نے ذکر کیا اور میں نے اسے پھیلایا، میں پاکستانی ہوں اور ہمیشہ رہوں گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا بھی مستعفی

دوسری طرف تانیہ ایدروس کے بعد وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی استعفی دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے عہدے سے استعفی کا اعلان کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ عمران خان کی خصوصی دعوت پر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) چھوڑ کر پاکستان آیا۔

ظفر مرزا نے لکھا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ میں اس وقت کام چھوڑ کر جارہا ہوں جب کورونا کم ہورہا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ میں نے ایمانداری اور محنت سے پاکستان کی خدمت کی ہے، اور پاکستان کی خدمت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال کے عرصے میں کئی جھوٹے الزامات کا سامنا رہا، انتہائی محنت اور ایمانداری سے فرائض انجام دینے کی کوشش کی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کچھ عرصے سے مستعفی ہونے کا سوچ رکھا تھا صرف کورونا پر قابو پانے کا انتظار تھا۔

تازہ ترین