حکومت پارلیمنٹ یا پارلیمانی کمیٹیوں کا استعمال نہیں جانتی، شیری رحمان

July 30, 2020

اسلام آباد(عاصم یاسین) سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان نے وفاقی حکومت کی نا اہلی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پارلیمنٹ یا پارلیمانی کمیٹیوں کو استعمال کرنے کا طریقہ نہیں جانتی ، یہاں تک کہ اپنے اور ملک کے مفاد کے لئے بھی نہیں۔ وہ صرف یہ جانتے ہیں کہ بدسلوکی، سیاسی انتشار اور تقسیم کی سیاست کس طرح کرنا ہے ، میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ اس حکومت نے ہر چیز کوسیاست زدہ کر دیا ہے،انہوں نے ہم سے درخواست کی کہ کچھ بلوں پروہ ان کی مدد کریں کیونکہ وہ اس عمل کو تیز کرنا چاہتے ہیں۔ عام طور پر یہ اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے توسط سے پانچ ماہ قبل کیا جاتا ہے لیکن انہوں نے تمام ڈیڈ لائن کو نظرانداز کیا، ہمیں اندازہ نہیں وہ کس طرح ملک چلا رہے ہیں۔پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کرنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف وفاقی حکومت کے ساتھ بات چیت کرنے کے موڈ میں نہیں ،وہ جس کو چاہیں گرفتار کرسکتے ہیں ،پاکستان میں حزب اختلاف کی ان سے کوئی شرائط نہیں ۔ نیب کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے نے معاملات کو کافی واضح کردیا ہے اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہم این آر او طلب کر رہے ہیں تو وہ بری طرح سے غلطی پر ہیں۔