قومی ایتھلیٹس کا انگلینڈ میں کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

July 30, 2020


انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل دیگر کھیلوں سے تعلق رکھنے والے قومی ایتھلیٹس نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت پاکستانی کرکٹرز کو اسپورٹ کرنے کا ہے۔

اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان

اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کہتے ہیںکہ جانتا ہوں کوویڈ 19 کے بعد گراؤنڈ میں واپسی آسان نہیں ہوسکتی، تاہم پر امید ہوں پاکستان ٹیم سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں کرکٹ سیریز ہمیشہ چیلنج ہے، شائقین کے بغیر یہ سیریز آسان نہیں ہوگی۔

ہاکی لیجنڈ شہباز سینئر

ہاکی لیجنڈ شہباز سینئر نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت گھروں تک محدود ہے، یہ سیریز بہترین انٹرٹینمنٹ ہوگی، کرکٹ کی دنیا میں پاکستان بڑا نام ہے، میں پی سی بی کو ٹور کروانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

قومی سوئمر کرن خان اور ٹینس اسٹار اعصام الحق

قومی سوئمر کرن خان کہتی ہیںکہ یہ وہ وقت ہے جب فینز کو اپنی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کرنا ہے، جبکہ ٹینس اسٹار اعصام الحق کہتے ہیںکہ پاک انگلینڈ سیریز کے لیے میں بہت پرجوش ہوں۔

ریسلر انعام بٹ اور بیڈمنٹن چیمپئن ماحور شہزاد

ریسلر انعام بٹ کاکہنا ہے کہ ان مشکل حالات میں کرکٹ سیریز پاکستانی عوام کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں۔بیڈمنٹن چیمپئن ماحور شہزاد نے کہا کہ ساری قوم کی دعائیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہے۔

اسنوکر چیمپئن محمد آصف اور اسکواش سسٹرز مدینہ ظفر ، فائزہ ظفر

اسنوکر چیمپئن محمد آصف کہتے ہیںکہ دعا ہے وباء جلد ختم ہو اور اب ہمارے ایونٹ بھی دوبارہ شروع ہوں، جبکہ اسکواش سسٹرز مدینہ ظفر اور فائزہ ظفر کہتی ہیںکہ بریک کے بعد واپسی آسان نہیں، قومی ٹیم کے لیے دعاگو ہیں۔

قومی فٹبالر صدام حسین اور ویمن فٹبالر ماہ پارا

قومی فٹبالر صدام حسین نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ احسن اقدام ہے، ویمن فٹبالر ماہ پارا نے بھی اپنے تمام فینز سے درخواست ہے کہ پاکستان ٹیم کوسپورٹ کریں۔