سیاست طاقتور اور بےاختیار افراد کے درمیان کا کھیل ہے، شان شاہد

July 30, 2020

پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے سیاست کو ایک کھیل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست طاقتور اور بےاختیار افراد کے درمیان کا کھیل ہے۔

کراچی میں مون سون کی بارشوں کے باعث شہر کی ناقص صورتحال دیکھ کر جہاں شہر ی پریشان ہیں تو وہیں شوبز ستارے بھی شہر کے ابتر حالات دیکھ کر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات جاری کررہے ہیں۔

انہی شوبز ستاروں میں نامور اداکار شان شاہد بھی شامل ہیں جنہوں نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر تالاب کا منظر پیش کرتیں کراچی کی سڑکوں کی تصاویر شیئر کیں جن میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث شہر کی صورتحال کس قدر خراب ہوگئی ہے۔

شان شاہد نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سیاست ایک ایسا کھیل ہے جو طاقتور اور بےاختیار لوگوں کے درمیان کھیلا جاتا ہے۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’اس مشکل گھڑی میں تمام سیاسی جماعتوں کو کراچی کے عوام کے دُکھ کو محسوس کرنا چاہیے اور کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اتحاد کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ ہم کس سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ہمارا تعلق ہمیشہ انسانیت سے ہونا چاہیے۔‘

واضح رہے کہ کراچی میں بارش کے باعث متعدد علاقوں میں کہیں پانی جمع ہے تو کہیں کیچڑ اور غلاظت نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں صفائی کے لیے کے ایم سی کا عملہ کہیں نظر نہیں آیا، کراچی میں بارش کے بعد لیاقت آباد میں گجرنالہ اوور فلو ہو گیا جس سے اطراف کی آبادیوں میں پانی داخل ہو گیا۔