معروف جاپانی ادیب ’’ریو موراکامی‘‘

August 05, 2020

جاپان کے عصری ادب میں ’’ریو موراکامی‘‘ معروف ادیب اور فلم ساز ہیں، جن کی کہانیاں جدید جاپان کا تصور پیش کرتی ہیں۔ 19 فروری 1952 کو وہ جاپانی شہر ’’ساسے بو‘‘ میں پیدا ہوئے، جو’’ناگاساکی‘‘ پری فیکچر کا اہم شہر ہے۔ جاپانی اور انگریزی دونوں زبانوں میں ناول، افسانے اور مضامین لکھتے ہیں، اپنے بے باک اور تیز دھاری انداز کی وجہ سے جاپانی ادب میں اعلیٰ مقام رکھتے ہیں۔ ان کا شمار یوں بھی منفردجاپانی ادیبوں میں ہوتا ہے کہ انہوں نے خود اپنے ناولوں پر فلمیں بھی بنائیں اور دیگر فلم سازوں نے بھی ان کی کہانیوں کو بڑے پردے پر پیش کیا۔

جاپان میں’’ریو موراکامی‘‘ کے ناول اور کہانیوں کی کتابیں ہاتھوں ہاتھ بکتی ہیں، ان کے بہترین ناولوں میں آلموسٹ ٹرانسپورٹ بلیو، کوائن لاکر بے بیز، اُنہتر، اِن دی میسو سوپ اور دیگر شامل ہیں۔ ناول’’اُنہتر‘‘ ان کا نیم سوانحی ناول ہے، جس میں اپنی زندگی کے تجربات، واقعات اور مشاہدات شامل کیے ، اس ناول کو بھی بہت مقبولیت ملی۔ ان کا ناول پر فلم بنی ،اس کاجاپانی زبان میں نام’’توپاز‘‘ دوم ہے، جبکہ انگریزی میں اس کا ترجمہ ’’لواینڈ پوپ‘‘ ہے، جو اسی ناول پر بننے والی فلم کا عنوان بھی ہے۔یہ فلم 1997 میں ریلیز ہوئی۔

اس ناول کی کہانی چار کرداروں کے ارد گرد گھومتی ہے، جو اسکول میں پڑھنے والی چار طالبات ہیں، جن میں مرکزی کردار، جس طالبہ کا ہے، اس کا نام’’ہیرومی‘‘ ہے، اس کا تعلق ایک متوسط گھرانے سے ہے۔ وہ اپنی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے منفی رجحانات سے خود کو محفوظ رکھنا چاہتی ہے اور کوشش بھی کرتی ہے۔ جاپانی معاشرے کی ایک ممنوعہ روایت، مصنف اور فلم ساز نے جس کو مثبت انداز میں تخلیقی طور پر پیش کیا۔ اس طرح کی کہانیوں کے ذریعے ہم نہ صرف اس معاشرے کے بارے میں، جن پر یہ لکھی جاتی ہیں، کئی پوشیدہ روایات کے بارے میں بھی جان لیتے ہیں، جن کو شاید غیر ملکی تو کبھی نہ جان سکیں، جب تک وہاں کا کوئی تخلیق کار پیش نہ کرے۔

اس کا اسکرین پلے دو فلم نویسوں نے لکھا، جن میں سے ایک’’ہیدیاکی اَنو‘‘ ہیں، جنہوں نے اس ناول پر بننے والی فلم کی ہدایات بھی دیں۔ اس فلم کے اداکاروں میں بہت سارے معروف اور غیر مقبول جاپانی اداکاروں نے کام کیا۔ اس فلم کے ہدایت کار’’ہیدیاکی اَنو‘‘ بہت منجھے ہوئے ہدایت کار ہیں۔ یہ ان کی پہلی فلم تھی ۔ وہ اپنے پیشہ ورانہ کیرئیر میں کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔

’’ریو موراکامی‘‘ جاپان کے دس مقبول ادیبوں میں سے ایک ہیں۔ چالیس سے زیادہ کتابیں لکھنے والا یہ ادیب، چار دہائیوں سے اپنی کہانیوں اور مضامین کے ذریعے تلخ و شیریں موضوعات پر اپنے قارئین کے ادبی ذوق کی تسکین کر رہا ہے۔