این ڈی ایم اے ہمارے ساتھ کام کرنا چاہے تو کوئی اعتراض نہیں، ناصر شاہ

July 30, 2020

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے ہمارے ساتھ مل کر کام کرنا چاہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، وزیراعظم نے 162 ارب دینے کا وعدہ کیا تھا، شہر میں اب تک 10 کروڑ روپے نالوں کی صفائی پر خرچ ہوئے ہیں۔

کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) میں ہونے والی تقریب کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نالوں کی صفائی پر اربوں روپے کے اخراجات کا تاثر غلط ہے، نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کلیئر ہیں، تیز برسات کے باجود صورتحال قابو میں رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گرین لائن کی وجہ سے چھوٹے برساتی نالے بند ہونے کے باعث نکاسی کے مسائل ہوئے، نالوں میں بڑے بڑے پتھر ڈال کر نکاسی آب کے مسائل پیدا کئے گئے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عید الاضحٰی پر شہریوں کو انتظامیہ سے تعاون کرنا چاہیے، ہمیں پتا ہے بہت سے لوگ تعاون نہیں کریں گے۔