شکایات کمپلین انفارمیشن سینٹر کے نمبر 1339پر درج کرائیں، میئر کراچی

July 31, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئرکراچی وسیم اختر نے شہریوں سے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو نہ اٹھائے جانے اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے اپنی شکایات سٹیزن کمپلین انفارمیشن سینٹر کے نمبر 1339پر درج کرائیں جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کی انتظامیہ اور دیگر اداروں کو بھیجا جائے گاتاکہ شہر میں جراثیم اور گندگی کو پھیلنے سے روکا جائے ، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔میئر کراچی نے کہا کہ عید کے تینوں ایام میں ضلعی میونسپل کارپوریشن کے تمام کلیکشن پوائنٹس پر جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا اور اس کے لیے ہر ڈسٹرکٹ کو تین، تین گاڑیاں، ادویات اور تربیتی یافتہ عملے سمیت فراہم کی جائیں گی،جراثیم کش اسپرے کا یہ عمل عید کے ایام کے بعد بھی جاری رکھا جائے گا۔ میئر کراچی وسیم اختر نے سٹیزن کمپلین سینٹر کو درج کرائی گئیں شکایات پر فوری کارروائی کی ہدایات جاری کر دی ہیں، شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے صرف مقررہ جگہوں پر ہی آلائشیں اور جانوروں کی باقیات ڈالی جائیں۔