ترکی عرب امور میں مداخلت سے باز رہے، متحدہ عرب امارات

August 02, 2020

لیبیا سے متعلق ترکی کے بیان پر متحدہ عرب امارات نے ترکی کو عرب ممالک کے امور میں مداخلت کرنے سے باز رہنے کا کہہ دیا۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے سلطنت عثمانیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ترکی اب اس دور کی طرح کا رویہ اختیار نہیں کر سکتا۔

انور قرقاش کا کہنا تھا کہ ایسا رویہ ماضی کا حصہ ہے، ریاستوں کے درمیان تعلقات دھمکیوں کی بنیاد پر نہیں بنا کرتے۔

یاد رہے کہ ترکی نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے لیبیا میں خلیفہ ہفتار کی حکومت کی حمایت کرنے پر تنقید کی تھی۔

ترکی لیبیا میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کے حق میں ہے۔