ہارون اور زیب بنگش کا جنید جمشید کو خراج عقیدت

August 03, 2020

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ہارون شاہد اور زیب بنگش نے عید الاضحیٰ کے موقع پر لیجنڈری جنید جمشید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

ہارون شاہد اور زیب بنگش نے یکم جنوری 1995 کو ریلیز ہونے والے ماضی کے معروف میوزیکل بینڈ وائٹل سائنز کے گانے ’ہم تم‘ اور 1995 میں ہی ریلیز ہونے والے البم ’نام‘ میں شامل گانا ’پہلی دھڑکن‘ گا کر جنید جمشید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔


ہارون شاہد نے جنید جمشید کے گیت کا اپنا ورژن پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہماری جانب سے پاکستان کے مایہ ناز پاپ بینڈ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہماری چھوٹی سی کاوش ہے، یقیناً آپ کو پسند آئے گی۔‘

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ہارون نے مداحوں کو کچھ دن پہلے ہی اپنے اس خراج عقیدت سے متعلق بتا دیا تھا۔

ہارون کا کہنا تھا کہ وہ عید الاضحیٰ کے موقع پر جنید جمشید کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

ہارون اور زیب بنگش کی سُریلی آواز میں جنید جمشید کا گانا سُن کے مداح خوش ہوگئے اور لیجنڈ جنید جمشید کو یاد کرنے لگے۔