پاکستانی بولنگ اچھی، انگلینڈ کو ٹف ٹائم دیں گے، شعیب اختر

August 04, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سابق فاسٹ بولرشعیب اختر کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک بہت اچھی ٹیم ہے، انگلینڈ کے خلاف سیریز میں تگڑے مقابلے دیکھنے میں آئیں گے ۔ پاکستان کا بولنگ اٹیک بہت زبردست ہے ۔پیر کو سوشل میڈیا پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم انگلینڈ کو ٹف ٹائم دے گا۔ یقین ہے پاکستان ٹیم جیتے گی، سیریز ہارنے کی صورت میں بھی پاکستان ٹیم کو سپورٹ کریں گے ۔ قبل ازیں نجی ٹی وی کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ یونس خان کی جگہ محمد یوسف کو پاکستانی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کرنا چاہیے تھا جبکہ یونس خان اکیڈمی کے اچھی کوچ ثابت ہوسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محمد آصف اور شاہد آفریدی سے جھگڑا کرنا بچکانہ حرکت تھی۔ دنیا کا تیز ترین بولر بننا کبھی میرا خوب نہ تھا، خواتین کو متاثر کرنے کے لیے تیز بولنگ شروع کی ۔ دریں اثنا انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ان پر پانچ سال کی پابندی سابق صدر آصف علی زرداری نے ہٹوائی تھی۔ میں شکرگزار ہوں۔