فلور ملز کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، عبدالعلیم خان

August 04, 2020

وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ فلور ملز کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، ایسی ملز کی نشاندہی کریں جو سرکاری گندم کا آٹا دیگر صوبوں میں بھیج رہی ہیں۔

وزیرِ خوراک پنجاب کی زیرِ صدارت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ فوڈ افسران کا اجلاس ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے خود مختلف اضلاع کے دورے کروں گا۔

وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ سستے آٹے کی فراہمی 90 فیصد جاری ہے، باقی 10 فیصد بھی یقینی بنائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ہر شہری کو 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے میں ملنا چاہیے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ اٹک، رحیم یار خان اور سرحدی اضلاع میں زیادہ سخت مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں، عوام کو فائدہ ہونا چاہیے۔

سینئر وزیر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ خوراک کے افسران نے غفلت دکھائی تو کارروائی ہوگی۔