سابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو گجرات رانی حفصہ کو گرفتار کر لیا گیا

August 05, 2020

سابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو گجرات رانی حفصہ کو زمین الاٹمنٹ کیس میں گرفتار کر لیا گیا۔

ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عبدالسلام عارف کا کہنا ہے کہ رانی حفصہ کو اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کی ٹیم نے چنبہ ہاؤس لاہور سے گرفتار کیا۔

انہوں نے کہا کہ رانی حفصہ کو گجرات میں زمین الاٹمنٹ کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا، زمین الاٹمنٹ کا مقدمہ کچھ روز پہلے درج کیا گیا تھا۔

ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے کہا کہ رانی حفصہ نے 31 کنال کمرشل اراضی غیرقانونی طور پر پرائیویٹ افراد کے نام منتقل کی، جبکہ کمرشل اراضی کی قیمت اربوں روپے ہے۔

عبدالسلام عارف کا مزید کہنا ہے کہ رانی حفصہ کے خلاف معدنیات کے ٹھیکوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا مقدمہ بھی درج ہے۔