حکومت پنجاب کا صنعتوں کے اوقات کار بڑھانے کا فیصلہ

August 05, 2020


حکومت پنجاب نے صوبے میں کورونا وائرس سے خراب صورتحال میں بہتری کے بعد صنعتوں کے اوقات کار بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔

اس حوالے سے سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام صنعتیں اور فیکٹریاں پورے ہفتے 24 گھنٹے کام کر سکیں گی۔

اس میں کہا گیا کہ تعمیرات سے متعلقہ شعبہ جات اور کاروبار بھی پورے ہفتے کام کریں گے۔

سیکریٹری صحت کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی۔

محمد عثمان کا کہنا تھا کہ حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے والے کاروبار فوراً بند کردیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اس نوٹیفکیشن کا اطلاق فوری طور پر آج سے ہوگا۔