طالبان کو قیدیوں کی رہائی کے فیصلے کیلئے بلائے گئے لویا جرگہ پر اعتراض

August 05, 2020

طالبان نے افغان حکومت کی جانب سے طالبان قیدیوں کی رہائی کے فیصلے کے لیے بلائے جانے والے لویا جرگہ پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اس کی مخالفت کردی۔

طالبان کا کہنا ہے کہ تمام فریقین کو امن کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے سے باز رہنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں غیر ملکی قبضہ ختم ہونے کے بعد امن اور بین الافغان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔

طالبان نے کہا کہ افغانستان کی آزادی اور اسلامی نظام نافذ کرنے کے خلاف کوئی بھی عمل ناقابل قبول ہوگا۔

واضح رہے کہ افغان حکومت اب تک 4600 طالبان قیدی رہا کرچکی ہے اور سنگین جرائم کے الزامات پر 400 طالبان قیدیوں کی رہائی روکی ہوئی ہے۔

طالبان امریکا امن معاہدے کے تحت افغان حکومت کو پانچ ہزار طالبان قیدی رہا کرنے ہیں۔