سی سی آئی اجلاس میں بلوچستان کے مفادات پر سمجھوتہ نہیں کرینگے، جام کمال

August 05, 2020

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں صوبے سے تعلق رکھنے والے معاملات پر بلوچستان کا موقف بھرپور انداز میں وفاق کے سامنے رکھیں گے۔ صوبے کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہم تمام معاملات پر اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے یہ بات بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ، ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل، صوبائی وزرا اور دیگر اراکین اسمبلی بھی تھے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ سی سی آئی اہم ملکی فورم ہے، جہاں تمام فیصلے متفقہ طور پر ہوتے ہیں۔ اس اجلاس میں بلوچستان کے چار پانچ ایشوز ہیں، جس پر صوبے کے موقف کو واضح طور پر پیش کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ عوام کے مفادات کو مدنظر رکھیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہم تمام معاملات پر اپوزیشن کو ساتھ لیکر کر چلنا چاہتے ہیں اپوزیشن کی تنقید سے ہماری اصلاح ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں کشمیر کے حوالے سے متفقہ طور پر قرارداد کی منظوری پر حزب اختلاف اور اراکین اسمبلی کا مشکور ہوں، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اعلان کیا کہ بلوچستان کے عوام ہر طرح سے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔