طویل ترین کرفیو کے باوجود کشمیری حق خودارادیت پر قائم ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

August 06, 2020

طویل ترین کرفیو کے باوجود کشمیری حق خودارادیت پر قائم ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی /کوئٹہ /لاہور /پشاور (اسٹاف رپورٹر، این این آئی) کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ’’یوم استحصال کشمیر‘‘ کے موقع پر کراچی سے خیبر تک قوم ایک آواز ہوگئی، چاروں صوبوں میں وزرائے اعلی کی قیادت میں ریلیاں نکالی گئیں اور کشمیریوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ طویل ترین کرفیو کے باوجود کشمیری حق خودارادیت پر قائم ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ آج مقبوضہ کشمیر نقشے میں شامل ہوا کل پاکستان کا حصہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ کشمیرکے حوالے سے پاکستان کا نیا نقشہ اہم پیش رفت ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کی قیادت میں سی ویو پر ’’یوم استحصال کشمیر‘‘ ریلی نکالی گئی۔

ریلی سے خطاب میں وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے کہا کہ کشمیر کی وادی میں آج سے پورا ایک سال پہلے کرفیو/لاک ڈائون نافذ کیا گیاتھاوہ دنیا کا طویل ترین کرفیو ہے لیکن اس کرفیو اور ان مظالم کے باوجود ہمارے کشمیری بھائی اور بہنیں اپنے حق خود ارادیت پر قائم ہیں اور پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

مرادعلی شاہ نے کہا کہ شہید بھٹو نے کہا تھا ہزار سال جنگ لڑیں گے تاہم کشمیر پر اختیار نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آج ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیریوں نے تو فیصلہ کردیا ہے کہ ان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، ہمارا جینا مرنا بھی کشمیریوں کے ساتھ ہے اور اس معاملے پر قوم ہمیشہ متحد رہے گی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ آج ہم متحد پاکستان کی صورت میں متحدہ ایجنڈے پر ہیں۔

آج ہم سب ایک آواز کشمیر بنے گا پاکستان پر جمع ہیں، کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں میں کوئی اختلاف نہیں، بھارت جتنے بھی رافیل طیارے خریدے اتنے ہی چائے کے کپ تیار ہیں۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کیخلاف ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ لاہور میں گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں یوم استحصال کشمیر ریلی نکالی گئی۔