پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی نہ لگائی جائے: یاسر حسین

August 06, 2020

پاکستان شوبز انڈسٹری کے کامیڈین اداکار یاسر حسین نے ملک میں سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی نہ لگانے کا مشورہ دے دیا۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری میں ٹھٹھہ کے نوجوان آصف مگسی کی 11 موٹر سائیکلوں کی لانگ جمپ کی خبر کو شئیر کرتے ہوئے ٹک ٹاک پر پابندی نہ لگانے کا مشوری دیا ہے۔

اداکار نے کہا کہ ’آصف مگسی بھی ایک ٹک ٹاک اسٹار ہے، ٹک ٹاک پر پابندی نہ لگائیں۔‘

انہوں نے لکھا کہ ٹک ٹاک پر بھی انسٹاگرام اور فیس بُک کی طرح اچھے بُرے لوگ موجود ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سے پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی جانے کی بات کی جارہی تھی۔

پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کو حتمی وارننگ جاری کی تھی ، ٹک ٹاک پر غیراخلاقی مواد ہونے پر پہلے بھی وارننگ جاری کی گئی تھی۔

پی ٹی اے حکام کا کہنا تھا کہ مختلف طبقات کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی ویڈیوز کی شکایات مل رہی ہیں۔ وارننگ پر ٹک ٹاک کی جانب سے تحریری جو اب تسلی بخش نہیں ہے۔

پی ٹی اے نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک سوشل میڈیا نیٹ ورک سے تمام غیراخلاقی ویڈیوز ہٹائی جائیں اور ٹک ٹاک پر آئندہ ایسی ویڈیوز اپ لوڈ نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی جائے۔