ضلع وسطی کے ڈوبنے کی وجہ گرین لائن بس پروجیکٹ نکلا

August 07, 2020

کراچی میں بارش سےضلع وسطی کی سڑکیں زیر آب آنے اور رہائشی علاقے میں پانی داخل ہونے کی وجہ سامنے آگئی، ضلع وسطی کے ڈوبنے کی وجہ گرین لائن بس پروجیکٹ نکلا، گرین لائن پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران جگہ جگہ نالے بند کردیےگئے۔

سرکاری افسر کی پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران بنائی گئی ویڈیو جیونیوز کو موصول ہوگئی، نالے بند کرکے اوپر سے گرین لائن پروجیکٹ کی تعمیرات کردی گئی، جبکہ ویڈیو میں نالوں پر گرین لائن کی تعمیرات واضح ہیں۔

سرجانی سے ناگن چورنگی تک پروجیکٹ کے 7 پلیٹ فارم نالے بند کرکے بنائے گئے، ناگن چورنگی پر پلیٹ فارم کی تعمیر میں نالے کو بالکل بند کردیا گیا، ناگن چورنگی کے مقام پر نالے کی گجر نالے تک مرکزی گزر گاہ تھی، نالے میں گرین لائن پروجیکٹ کے کالم کھڑے کردیے گئے۔

نارتھ ناظم آباد میں بلاک ’کے‘ سے بلاک ’ایل‘ جانے والے نالے کو بھی بند کردیا گیا، حیدری کے مقام پر بلاک ’سی‘ سے بلاک ’جی‘ جانے والے 2 نالے بند کردیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے: کراچی میں تیز بارش، بجلی غائب، سڑکیں تالاب

بورڈ آفس کے مقام پر بلاک ’اے‘ سے بلاک ’بی‘ جانے والا نالہ بھی بند کردیا گیا، مجموعی طور پر 12 سے زائد مقامات پر نالے مکمل بند کردیے گئے۔