• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: موسلا دھار بارش، سڑکیں تالاب، درخت و پول گرگئے


کراچی میں شدید گرمی کے بعد موسلادھار بارش نے شہر کو پانی پانی کردیا، سڑکیں تالاب بن گئیں۔

بارش کے باعث کئی جگہوں پر درخت اور پول گر گئے، سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے گاڑیاں خراب، ٹریفک جام اور شہری پریشان ہوگئے۔

شارع فیصل پر واقع ڈرگ روڈ انڈر پاس میں پانی بھر گیا، جس کے بعد اسے ٹریفک کےلیے بند کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے:

شہر بھر میں پانی کی نکاسی کہیں بھی نظر نہ آئی، برنس روڈ، کارساز، حسن اسکوائر، شارع فیصل، ٹاور اور پی آئی ڈی سی چوک پر پانی جمع ہوگیا، کئی جگہوں پر گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہوگیا۔

بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، جمعے کو جولائی میں گرمی کا 38 سالہ ریکارڈ ٹوٹا تو کراچی والوں نے سورج کی طرف دیکھا، آنکھوں میں شکایت تھی کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیا کم تھی، جو تم بھی برداشت کا امتحان لینے لگے۔

یہ بھی پڑھیے:

آنکھوں کی شکایت کو سورج سے پہلے سرمئی بادلوں نے سنا، سہ پہر میں آگے بڑھے اور پورے شہر کو اپنی ٹھنڈی اور گھنی آغوش میں لے لیا، پہلے تیز ہوائیں چلیں اور پھر چھما چھم بارش ہوگئی۔

کئی علاقوں میں بادل ہلکے سے تو کہیں بہت تیز برسے ،صدر، ڈیفنس ، کلفٹن، پی ای سی ایچ ایس، طارق روڈ، گلشن اقبال، گلستان جوہر، لانڈھی، ملیر اور دیگر علاقوں میں جل تھل ایک ہوگیا۔

بارش کے ساتھ ہی شہر کے اکثر علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، کلفٹن میں دوتلوار سے تین تلوار کی جانب آنے والے انڈر پاس کا ایک حصہ بند ہونے سے ٹریفک جام ہوگیا۔

اردو بازار، صدر، ایم اے جناح روڈ، سولجر بازار، جامع کلاتھ،  کوریڈور تھری، گرومندر ، حسن اسکوئر، کارساز، ڈرگ روڈ، جوہڑ موڑ، راشد منہاس روڈ اور کورنگی سے کالا پل تک بدترین ٹریفک جام رہا ، اس دوران کسی کا فیول ختم ہوگیا تو کسی کی گاڑی ہی خراب ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیے:

تیز ہواؤں اور بارش کے سبب پریس کلب میں نیم کا پرانا درخت جبکہ گورنر ہاؤس کے قریب بھی بجلی کا کھمبا اور درخت گرنے کی اطلاعات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صدر میں سب زیادہ 41 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ڈیفنس میں خیابان شہباز سمیت متعدد علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

برنس روڈ، کارساز، حسن اسکوائر، ٹاور اور پی آئی ڈی سی چوک پر بھی بارش کا پانی متعلقہ اداروں کو منہ چڑا رہا ہے اس کے علاوہ آئی آئی چندریگر روڈ پر ایک پرانی اور طویل دیوار منہدم ہوگئی جس سے پاس کھڑی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

تازہ ترین