کیرالہ، ائیر انڈیا کے طیارے کی کریش لینڈنگ، دو ٹکڑے ہوگیا، 17 ہلاک

August 08, 2020

کیرالہ، ائیر انڈیا کے طیارے کی کریش لینڈنگ، دو ٹکڑے ہوگیا، 17 ہلاک

کراچی(جنگ نیوز) بھارتی ریاست کیرالا میں ایئر انڈیا کے مسافر طیارے کی رن وے پر کریش لینڈنگ، دو ٹکڑے ہوگیا، خوفناک حادثے میں17مسافر ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ائیر انڈیا کے مطابق ہلاک شدگان میں دونوں پائلٹس بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی سول ایوی ایشن وزارت کا کہنا تھا کہ ایئر انڈیا کا بوئنگ 737 دبئی سے کالی کٹ پہنچا تھا جس میں عملے سمیت 191 افراد سوار تھے اور بارش کے دوران لینڈنگ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا۔ ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق خراب موسم میں اترتے ہوئے طیارہ رن وے سے پھسل کر نیچے جا گرا۔وزیراعظم عمران خان نے ائیر انڈیا کے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ واقعے پر غمزدہ ہیں ۔انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی نے سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل کے حوالے سے خبر دی ہے کہ طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے پر رک نہیں سکا اور مقامی آبادی میں گر کر دو ٹکڑے ہو گیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس وقت طیارہ ہوائی اڈے پر اترا تو حدِ نگاہ بہت کم تھی۔ خیال رہے کہ کوئیکوڈ کے ہوائی اڈے کا رن وے ایک پہاڑی پر واقع ہے۔