لاہور: پتنگ کی ڈور سے بچے کی ہلاکت، بزدار کا نوٹس

August 08, 2020

پتنگ کی ڈور پھرنے سے ہلاکت کا سردار عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے مالی پورہ شفیق آباد میں بند روڈ پر 5 سالہ بچے کی گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے ہلاکت کا نوٹس لے لیا۔

پولیس کے مطابق آصف نامی شخص رات گئے اپنے 5 سالہ بیٹے اصغر کو موٹرسائیکل پر لے کر نکلا تو دھاتی ڈور بچے کے گلے پر پھر گئی۔

پتنگ کی دھاتی ڈور گلے پر پھرنے سے بچہ خون میں لت پت ہو گیا جو اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

اطلاع ملنے پر تھانہ شفیق آباد کی پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے شواہد اکٹھے کر کے پتنگ باز کی تلاش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں ڈور پھرنے سے بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیرِاعلیٰ پناب نے غفلت کے مرتکب افراد اور ذمے داروں کے خلاف محکمانہ و قانونی کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

بنارس پل پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا

وزیرِاعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق بچے کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ واضح ہدایات کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات افسوس ناک ہیں، پتنگ بازی کی خلاف وزری پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔