تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو خون کے آنسو رلا دیا‘عمرانی

August 09, 2020

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی سرکار کی نہیں عملاً مافیاز کی حکمرانی ہے جو اہم اداروں سمیت وزارتوں میں بارہا تبدیلیاں کروا کر اپنے مطلوبہ اہداف کے حصول و تحفظ کو یقینی بناتی رہتی ہے۔ حکمرانوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں جو اشیاء ضروریہ کے آسیب میں اس قدر جکڑ دیئے گئے کہ دو وقت کی روٹی کا حصول بھی ان کیلئے مشکل بنا دیا گیا۔ تبدیلی کا دلفریب نعرہ لگانے والوں نے عوام کو خون کے آنسو رلا دیا۔ انہوں نے کہا کہ 7ہولناک حادثوں اور 40 ارب روپے کے خسارے کے باوجود ٹانگہ پارٹی کا شیخ چلی اپنی رنگ بازیوں کے باوجود قوم اور ریلوے کیلئے رانگ نمبر بنا بیٹھا ہے اسے کس کی پشت پناہی حاصل ہے قوم پر یہ راز جلد افشاں ہوجائیگا اسی کی وجہ سے بارہا جمہوریت پر شب خون مارا گیا کیونکہ مخبری کا کام احسن انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اس کا کوئی ثانی نہیں۔