محکمہ اوقاف نے مسجد وزیر خان کے منیجر کو معطل کر دیا

August 10, 2020

لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں فلم کی عکس بندی پر شہری سراپا احتجاج ہیں ، محکمہ اوقاف نے مسجد کے منیجر اشتیاق احمد کو معطل کر دیا ہے۔

مسجد وزیر خان لاہور میں مختصر دورانئے کی فلم کی عکس بندی کس کے حکم پر ہوئی ؟ مسجد میں اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کے رقص کے وقت مسجد انتظامیہ کہا ں تھی ؟ محکمہ اوقاف نے تحقیقات کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس کو مقرر کر دیا ۔

واقعہ کیخلاف شہری سرپا احتجاج ہیںاور کہتے ہیں کہ مسجد کا تقدس پامال کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے۔

مسجد وزیر خان میں فلم کی ریکارڈنگ کرنے والی کمپنی کا موقف ہے کہ انہوں نے محکمہ اوقاف سے شارٹ فلم کی عکس بندی کی اجازت مانگی جو30 ہزار روپے کی ادائیگی پر مل گئی۔

دوسری طرف مسجد کے مینجر کا کہنا ہے کہ رقص مسجد میں نہیں ہوا، یہ ایڈیٹنگ کا کمال ہے۔

واقعہ پر وزیر اوقاف کہتے ہیں کہ مسجد میں جس کسی نے بھی فلم کی شوٹنگ کی اجازت دی ہے اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مسجد کا احترام ہر کسی پر لازم ہوتا ہے، مسجد میں فنکاروں کی جانب سے رقص کسی صورت قابل قبول نہیں ۔