کراچی، ’رکشہ گینگ‘ کے 2 ملزمان گرفتار

August 10, 2020

کراچی کے ضلع شرقی کی فیروز آباد پولیس نے مختلف علاقوں میں رکشے میں سوار ہو کر واردات کرنے والے گروہ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جن کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا رکشہ، اسلحہ، موبائل فون اور چھینا گیا دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کے مطابق فیروز آباد پولیس نے دو ملزمان محمد عمر اور جنید احمد کو چیکنگ کے دوران گرفتار کیا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق گرفتاری کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا، ملزمان سے مزید تفتیش کی گئی تو انہوں نے گلشن اقبال، بہادرآباد، فیروز آباد اور دیگر علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی مختلف نوعیت کی وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا۔

ایس ایچ او فیروزآباد اورنگزیب خٹک کے مطابق دونوں ملزمان سے ان وارداتوں کی نشاندہی کرائی گئی تو پولیس ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی جو میں ملزمان واردات کرتے ہوئے شناخت کئے جاسکتے ہیں۔

فیروز آباد پولیس نے دونوں ملزمان کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن کی مدد سے ملزمان کی دیگر ورداتوں کے ساتھ ساتھ ان کی نشاندہی پر دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کی کوشش بھی کی جارہی ہے۔