کوویڈ-19 آرڈیننس 2020 کی مدت میں توسیع کی منظوری

August 10, 2020

قومی اسمبلی نے کوویڈ-19 آرڈیننس 2020 کی مدت میں 120 روز کی توسیع کی منظوری دے دی، پی اے سی سمیت متعدد قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس ایوان میں پیش کردی گئی، جبکہ قومی اسمبلی کی 73ویں سالگرہ پر متفقہ قرارداد بھی منظور کرلی گئی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں کوویڈ-19 آرڈیننس 2020 میں توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ بہتر تھا اتفاق رائے پیدا کرکے قانون سازی کرلی جاتی۔

مشیرِ پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا یہ آرڈیننس کورونا کے خاص حالات میں آیا تھا، مجبوری میں توسیع مانگ رہے ہیں، قانون سازی کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کی 73ویں سالگرہ پر قرارداد پیش کی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔

عبدالقادر پٹیل نے کورم کی نشاندہی کی جو پورا نہ ہونے پر اجلاس منگل کی شام چار بجے تک ملتوی کردیا گیا۔