وزیر اعظم 13 اگست کو پشاور بی آر ٹی مصوبے کا افتتاح کرینگے

August 11, 2020


وزیر اعظم عمران خان 13 اگست کو پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) مصوبے کا افتتاح کریں گے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے ایک بار پھر اعتراف کیا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل کے لیے چھ ماہ کا وقت دینا غلطی تھی اور غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے لیکن اب بی آر ٹی کا وعدہ پورا کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں صحافیوں کے ساتھ نشست میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اعلان کیا کہ بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح 13 اگست کو سہ پہر تین بجے وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے پر باتیں بڑی مشکل سے برداشت کیں، ہم سے غلطی ہوئی تھی کہ بی آر ٹی منصوبے کے لیے 6 ماہ کا وقت دیا تھا۔

تاہم اُن کا کہنا تھا کہ غلطی انسان ہی سے ہوتی ہے لیکن اب بی آر ٹی کا وعدہ پورا کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ محمود خان کا مزید کہنا تھا کہ پرویز خٹک نے بی آر ٹی منصوبہ اپنی ذات کے لیے نہیں لوگوں کے لیے شروع کیا تھا۔ بی آر ٹی بالکل ایک نیا سسٹم ہے، شاید ابتداء میں مشکلات ہوں لیکن حل کر لیں گے، منصوبے میں بیوروکریسی اور سی ای او ٹرانس پشاور نے بہت اچھا کام کیا۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ بی آر ٹی کا سفری کارڈ مجھے بھی مل گیا ہے اور مقامی صحافیوں کو بی آر ٹی کا فری کارڈ دیا جائے گا۔