نیوزی لینڈ میں ایک خاندان کے 4 افراد کو کورونا ہوگیا

August 12, 2020

نیوزی لینڈ میں ایک خاندان کے 4 افراد کو کورونا ہوگیا

نیوزی لینڈ میں 102دن کے بعد آکلینڈ کے ایک خاندان کے 4 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

خبر ایجنسی کےمطابق آکلینڈ میں تین روز کے لیے لوگوں کے گھروں سے نکلنے پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے، اس کے علاوہ نیوزی لینڈ بھر میں موجود تمام نرسنگ ہوم بند کردیئے گئے ہیں۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے کورونا کے نئے کیس سامنے آنے پر پارلیمنٹ کی تحلیل موخر کردی، نیوزی لینڈ میں اگلے ماہ ہونے والے الیکشن ملتوی ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

نیوزی لینڈ میں نئی پابندیوں کے اعلان کے بعد سپر مارکٹس میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں بھی کورونا کے حوالے سے بدترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے، آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 410 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق بھوٹان میں کورونا کے باعث پہلی مرتبہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا جبکہ نیدرلینڈز میں گزشتہ ہفتے کے دوران کورونا کیسز میں 55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

نیدرلینڈز میں گزشتہ ہفتے 2 ہزار 588 نئے کیسز سامنے آئےتھے، جس کے بعد کورونا کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 4 ہزار 36 ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں ایک بار پھر کورونا مریضوں کی یومیہ تعداد 60 ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔