اقتصادی رابطہ کمیٹی، گوشت اور زندہ جانوروں کی درآمدی پالیسی منظور، انکم ٹیکس ریفنڈز کیلئے 40 ارب مختص

August 13, 2020

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نےپی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل کےذمہ10کروڑ50لاکھ ڈالر (17ارب 65کروڑ روپے) قرضوں اور واجبات کی بروقت ادائیگی کی منظوری دیدی۔

نیویارک کے علاقہ مین ہٹن میں واقع ہوٹل کے قرضہ کی شیڈول کے مطابق ادائیگی اورری فنانسنگ کا طریقہ کار طے کرنے کیلئے وزارت خزانہ کووزارت قانون، ایوی ایشن ڈویژن اورمنصوبہ بندی کمیشن سے مشاورت کرنے اوراسکی منظوری کیلئے ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنیکی ہدایت کردی گئی ،گوشت اور زندہ جانوروں کی درآمدی پالیسی منظور کی گئی،انکم ٹیکس ریفنڈز کیلئے 40 ارب مختص کردئے گئے۔

اجلاس میں وزارت خزانہ کی تجویز پرسازگارمارکیٹ کی صورتحال کی بنیاد پر ایشیائی ترقیاتی بینک کو آف شور پاکستان روپیہ لنکڈبانڈز کے اجراءاور کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم میں متعلقہ طریقہ کارپرپورااترنے والے تمام پاکستانی شہریوں کوشامل کرنے کے ضمن میں پروگرام کی کلیدی شرائط پرنظرثانی کی منظوری بھی دی گئی۔

ای سی سی کااجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں پائیدارترقیاتی اہداف حصول پروگرام کے تحت لیپس شدہ 8ارب ایک کروڑ روپے کے فنڈز کو تکنیکی گرانٹس کے ذریعہ متعلقہ وزارتوں اورڈویژنز کیلئے دوبارہ مختص کرنے کے ضمن میں کابینہ ڈویژن کی تجویز کا جائزہ لیا اوراسکی منظوری دی۔

اجلاس میں زندہ جانوروں اورانکی گوشت کی مصنوعات کی بین الاقوامی تجارت کو مرکزی دھارے میں لانے اوراس حوالے سے تجارت کو بین الاقوامی قواعد وطریقہ کارکولاگوکرنے کے ضمن میں درآمدی پالیسی آرڈر2016 کا جائزہ لیا اوران میں ترامیم کی منظوری دی۔

اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کی ٹریول اورسیاحت سے متعلق کاروبارکیلئے لائسنس کی سالانہ تجدیدی فیس کی ادائیگی سے استثنیٰ دینے کی تجویز کاجائزہ لیا گیا اوراسکی منظوری دی گئی ،ایک سال کیلئے فیس سے استثنیٰ کا مالیاتی اثر ایک کروڑ 70لاکھ روپے کے لگ بھگ ہوگا۔