بی آر ٹی پشاور عوام کیلئے تین سال عذاب بنارہا ہے، عظمیٰ بخاری

August 13, 2020

ترجمان مسلم لیگ ن پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی پشاور کے عوام کے لیے تین سال عذاب بنارہا ہے۔

مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے شہباز گل کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کو اورنج لائن ٹرین اور پشاور بی آر ٹی کے کھڈوں کا موازنہ کرتے شرم آنی چاہیے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نیازی کے احمقوں اور نالائقوں کا ٹولہ جھوٹ بولنے اور کوے کو سفید کرنے پشاور پہنچا ہے، پرویز خٹک سمیت کے پی کابینہ کا ہر رکن بی آر ٹی کی تاریخیں دیتا رہا اور آج فخر سے کہہ رہے ہیں کہ جو منصوبہ 2021 میں مکمل ہونا تھا وہ ایک سال قبل مکمل کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کی لاگت شہبازشریف کی تین میٹرو بسوں سے بھی 6 گنا تجاوز کرچکی ہے، پشاور ہائیکورٹ نے بی آر ٹی کے کھڈوں کی لاگت کی تحقیقات کا حکم دیا، لیکن نیب گونگی اندھی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک درجن سے زیادہ مرتبہ بی آر ٹی کے پلان بدلا گیا،خود چیف انجینئر نے سوالات اُٹھائے، ایشین ڈیویلپمنٹ بینک نے قرض دیا اس نے بھی منصوبے کی شفافیت پر سوالات اُٹھائے، بی آر ٹی کا منصوبہ ابھی تک سٹے پر چل رہاہے، حکومت اثر و رسوخ سے آڈٹ نہیں کرنے دے رہی۔

ترجمان مسلم لیگ ن پنجاب نے کہا کہ عمران میٹرو بس کو جنگلہ بس کہتے اور کوستے رہےتو آج کس منہ سےبی آر ٹی کا افتتاح کریں گے؟ پشاور بی آر ٹی پشاور کے عوام کے لیے تین سال عذاب بنارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کو 5 سال میں تین میٹرو بسیں اور ایک اورنج لائن ٹرین جیسےمنصوبے دیے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مسلط شدہ حکومت سفید ہاتھی کا افتتاح کرنے پر خوشیاں منارہی ہے۔