کاروباری برادری کیلئے آسانیاں فراہم کرنا خوش آئندہ ہے، وزیراعظم

August 13, 2020

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کے لیے آسانیاں پیدا کرنا خوش آئند ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیرِ صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی تعمیرات میں سہولت، بلوچستان میں تعمیرات کے نئے منصوبے، ایف بی آر کی وفاقی دارالحکومت بلیو ایریا میں پلاٹوں کی نیلامی سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔

اس دوران چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ اس وقت تک 40 منصوبے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں 4812 منصوبوں کی رجسٹریشن پر کام جاری ہے۔

اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان کا کہنا تھا کہ این او سیز و دیگر منظوریوں کے عمل کی مدت 20 دن کردی جبکہ کنٹریکٹرز اور پراپرٹی ڈیولپرز کے لیے سیلز ٹیکس کم کردیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ رہائشی اسکیموں کے لیے 60 روپے، کمرشل کے لیے 50 روپے مربع گز ٹیکس ہے۔

چیف سیکریٹری بلوچستان کا کہنا تھا کہ گوادر میں 14 ہزار ایکٹر رقبے پر 79 رہائشی منصوبے زیرِ غور ہیں، بلوچستان میں 104 منصوبوں کے لیے این او سیز کی منظوری دی جا چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ہاؤسنگ منصوبوں میں کچلاک میں 714 یونٹس، 600 اپارٹمنٹس تعمیر ہوں گے۔

انھوں نے بتایا کہ کوئٹہ، اورماڑہ، پسنی، گوادر میں رہائشی منصبوں کے لیے ایم او یوز پر دستخط ہوگئے ہیں۔

بلیو ایریا میں اضافی تعمیرات سے متعلق عائد ٹیکسوں میں کمی کی تجویز بھی وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی۔

اجلاس میں شریک کاروباری نمائندوں نے بتایا کہ تعمیرات کے شعبے میں منظوریوں کا عمل نہ صرف آسان بلکہ تیز ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقدامات سے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی ہوئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کے لیے آسانیاں فراہم کرنا خوش آئند ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل مقررہ ٹائم لائنز میں یقینی بنائی جائے۔